سری نگر،13؍جون(ایس او نیوز؍ایجنسی) ضلع انتظامیہ سری نگر کی طرف سے جاری گائیڈ لائنز کے عین مطابق ہفتہ کے روز سری نگر کے تمام علاقوں میں قریب تین ماہ بعد محدود و مشروط پیمانے پر تجارتی سرگرمیاں بحال ہوئیں تاہم پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی اور صبح کے وقت بارشوں کی وجہ سے بازاروں میں لوگوں کی روایتی اور متوقع بھیڑ کہیں نظر نہیں آئی۔
ضلع مجسٹریٹ سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری کی طرف سے جاری گائیڈ لائنز کے مطابق ضلع میں ہفتے میں باری باری تین دن دکانیں کھلی رہیں گی جبکہ لازمی خدمات سے جڑی دکانیں ہفتے میں چھ دن کھلا رہیں گی۔ یو این آئی اردو کے ایک نامہ نے سری نگر کے بعض اہم علاقوں کا دورہ کر کے بتایا کہ انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کھلنے والی دکانیں دن کے ٹھیک گیارہ بجے کھل گئیں۔
انہوں نے کہا بازاروں میں شیڈول کے مطابق لازمی خدمات والی دکانوں کے علاوہ ہینڈی کرافٹس، ہینڈ لوم، ہارڈ ویئر، عمارتی مٹریل، فرنیچر، فرنشنگ، آٹو موبائل، سروس اسٹیشن اور سلونز کھل گئے۔ موصوف نامہ نگار نے کہا تاہم پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی اور صبح کے وقت ہوئی بارشوں کی وجہ سے بازاروں میں لوگوں کا متوقع رش کہیں نظر نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ نجی گاڑیوں کی نقل وحمل جاری تھی لیکن دکانوں پر خال خال ہی خریدار نظر آئے۔
موصوف نے کہا کہ دکانداروں نے جاری گائیڈ لائنز کے مطابق تمام تر احتیاطی تدابیر کا بندوبست بھی رکھا تھا اور خود بھی ان پر عمل پیرا تھے۔ انہوں نے کہا کہ کئی بازاروں میں متعلقہ محکمہ اور پولیس دکانداروں کی طرف سے احتیاطی تدابیر کے انتظام کا بھی جائزہ لے رہے تھے۔
وادی کے دیگر اضلاع میں بھی محدود پیمانے پر تجارتی سرگرمیاں بحال ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم کورونا کے پھیلاؤ سے احتیاط اور پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے بازاروں میں روایتی چہل پہل مفقود ہے۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع انتظامیہ سری نگر کی طرف سے جاری گائیڈ لائنز و شیڈول کے مطابق بازاروں میں تجارتی اوقات کار گیارہ بجے صبح سے شام کے پانچ بجے تک مقرر کئے گئے ہیں۔
لازمی خدمات سے جڑی دکانیں ہفتے میں بجز اتوار کے ہر روز کھلا رہیں گی ان دکانوں میں کتب خانے، ادویات، میوہ جات، سبزیاں، دودھ، گوشت، پولٹری، اگریکلچر اور سریکلچر مصنوعات کی دکانیں، ورکشاپ، ای کامرس اور ہوٹل اور ریستوران شامل ہیں جبکہ اس کے ساتھ سوموار، بدھ اور جمعہ کو ہنڈی کرافٹس، ہینڈ لوم، ہارڈ وئر، عمارتی مٹریل، فرنیچر، فرنشنگ، آٹو موبائل، سرسوس اسٹیشن اور سلونز کھلے رہیں گے۔
سوموار، بدھ اور جمعرات کو ریڈی میڈ گارمنٹس، کپڑوں کی دکانیں، کاسمیٹکس، فٹ ویئر (جوتے)، الیکٹرانکس، الیکٹرک مٹیریل، جیولری، درزی، ڈیزائنرس اور بیوٹی پارلرس کو کھلے رہنے کی اجازت ہے۔ انتظامیہ نے بازاروں میں جاری کردہ ایڈوائزری کی عمل آوری کے لئے مجسٹریٹوں کی تقرری عمل میں لائی ہے جو خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف قانونی چاری جوئی کرنے کے مجاز ہوں گے۔ علاوہ ازیں متعلقہ بازاروں کی کمیٹیوں کو بھی انتطامیہ کے سامنے جواب دہ اور ذمہ دار بنایا گیا ہے۔
جموں وکشمیر میں انتظامیہ نے وادی کے دس میں سے آٹھ اضلاع کو ریڈ زون قرار دے رکھا ہے جبکہ دو اضلاع بانڈی پورہ اور گاندربل کو آرینج زون کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ انتطامیہ نے کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر جموں وکشمیر میں تعلیمی ادارے، عبادت گاہیں، سماجی ومذہبی اجتماعات پر پابندی تا حکم ثانی جاری رکھنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ دریں اثنا وادی کشمیر میں کورونا متاثرین و متوفین کی تعداد میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر لاک ڈاؤن میں نرمی کے باوصف لوگوں میں تشویش پایا جارہا ہے۔